نئی دہلی، 16 اپریل (ایجنسی) لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جمعرات کو ہونے والی ووٹنگ کے لئے منگل کی شام پانچ بجے انتخابی مہم ختم ہوگئی۔
آہستہ آہستہ گرمی بڑھنے کا اثرکئی ریاستوں کی انتخابی مہم پر دیکھنے کو ملا جبکہ پہاڑی ریاستوں میں موسم خوشگوار ہونے کی وجہ سے انتخابی مہم میں زیادہ جوش و خروش اور لوگوں کا ہجوم دیکھا نظر آیا۔
انتخابی مہم کے دوران ریلیاں، روڈ شو، عوامی جلسے منعقد کیے گئے اور جھنڈے اور پوسٹر بھی لگائے گئے۔ امیدواروں نے گھر گھر جا کر ووٹروں کو لبھانے کی بھر
پور کوشش کی۔
دوسرے مرحلے میں 13 ریاستوں کی 97 نشستوں کے لئے ہونے والی ووٹنگ کو دیکھتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے انتخابی مہم میں جم کر حصہ لیا لیکن الیکشن کمیشن کی سختی کو دیکھتے ہوئے انتخابی تقریروں میں اشتعال انگیز تشہیر پر روک لگنے کا امکان ہے۔
اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، سابق وزیر اعلی مایاوتی، مرکزی وزیر مینکا گاندھی اور سماج وادی پارٹی کے لیڈر اعظم خاں کی انتخابی مہم پر آج صبح سے روک لگ جانے کی وجہ سے یہ لیڈران کسی انتخابی ریلی میں حصہ نہیں لے سکے۔ دوسرے مرحلے میں 97 سیٹوں پر کل 1635 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔