نئی دہلی،19ستمبر(ایجنسی)تین طلاق کو جرم کے زمرے میں لانے کے لئے حکومت نے آج آرڈیننس کو منظوری دے دی ہے۔وزیراعظم نریندرمودی کی صدارت میں یہاں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس آرڈیننس کی تجویز کو منظوری دی گئی ۔اس پر صدر جمہوریہ کے دستخط ہوتے ہی یہ قانون کی شکل لے لےگا۔
تین طلاق سے متعلق بل لوک سبھا میں نافذ ہوچکاہے،لیکن راجیہ سبھا میں
اپوزیشن پارٹیوں کی مخالفت کی وجہ سے یہ اٹک گیا تھا۔
قانون اور انصاف کے وزیر روی شنکر پرساد نے کابینہ کی میٹنگ کے بعد بتایا کہ تین طلاق پر گزشتہ سال کے سپریم کورٹ کےفیصلے کے بعد بھی مسلسل اس کے معاملے سامنے آرہےتھے۔مسلم خواتین کو انصاف دلانے اور ان کی صنفی مساوات برقراررکھنے کےلئے اس طرح کا قانون بے حد ضروری ہوگیا تھا۔اس لئے ،حکومت راجیہ سبھا میں بل پاس ہونے کا انتظار کئے بغیر اس پر آرڈیننس لے کر آئی ہے۔