نئی دہلی/19ستمبر(ایجنسی) مرکز کی مودی حکومت نے تین طلاق بل کو پارلیمنٹ میں پاس کرانے میں ناکام رہنے پر اسے نافذ کرانے کے لئے آرڈیننس کا راستہ اپنایا ہے۔ بدھ کو مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں تین طلاق کو قابل سزا جرم بنانے والے آرڈیننس کو منظوری دی گئی۔ یہ آرڈیننس 6 ماہ تک لاگو رہے گا۔ اس دوران حکومت کو اسے پارلیمنٹ سے پاس کرانا ہو گا۔ حکومت کو پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں ہی اسے پاس
کرانا ہو گا۔
اس آرڈیننس میں مسلم وومین پروٹیکشن آف رائٹس ان میریج ایکٹ کی طرح ہی التزامات ہوں گے۔ اس بل کو پچھلے سال دسمبر میں لوک سبھا میں پاس کر دیا گیا تھا۔ حالانکہ راجیہ سبھا میں جہاں حکومت کے پاس ارکان کی تعداد کم ہے ، وہاں ہنگامہ کے مدنظر اس بل پر بحث بھی نہیں ہو پائی تھی۔