نئی دہلی، 24دسمبر (یو این آئی) حکومت نے پورے ملک میں مردم شماری 2021کرانے ور قومی آبادی رجسٹر کو اپڈیٹ کرنے کے لئے بالترتیب 8754 اور 3941کروڑ روپے کی رقم منظور کی ہے۔
وزیراعظم نریندرمودی کی صدارت میں منگل کو یہاں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلہ کی تجویز کو منظوری دی گئی۔
اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ مردم شماری کے تحت پورے ملک میں لوگوں کی گنتی کی جائے گی جبکہ قومی آبادی رجسٹر میں آسام کو چھوڑ کر ملک کی پوری آبادی کے اعداد و شمار درج کئے جائیں گے۔ آزادی کے بعد یہ آٹھویں مردم شماری ہوگی جبکہ برطانوی حکمرانی کے وقت بھی 8مرتبہ مردم شماری کی گئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ قومی آبادی رجسٹر تیار کرنے کا کام 2010میں ترقی پسند اتحاد حکومت کے دور میں شروع ہوا تھا۔ 2015میں
بھی اسے اپڈیٹ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ ہندستان میں مردم شماری کا کام دنیا میں سب سے بڑا انتظامی اور شماریاتی پروگرام ہے۔ مردم شماری دو مرحلوں میں کی جائے گی جس کے تحت پہلے مرحلہ میں آئندہ 9فروری سے 28فروری تک لوگوں کی گنتی کی جائے گی اور دوسرے مرحلہ میں اپریل سے ستمبر تک گھروں کی فہرست اور انکی گنتی کی جائے گی۔ گھروں کی فہرست اور گنتی کے ساتھ قومی آبادی رجسٹر کو بھی اپڈیٹ کیا جائے گا لیکن اس میں آسام کوشامل نہیں کیاجا ئے گا۔
اس کام میں 30لاکھ لوگوں کو لگایا جائے گا جبکہ گزشتہ بار ا س میں 28لاکھ لوگوں کو لگایا گیاتھا۔
مسٹر جاوڈیکر نے کہاکہ مردم شماری کے اعداد و شمار جمع کرنے کے لئے پہلی بار موبائل ایپ کا استعمال کیا جائے گا۔ مردم شماری کے لئے بنائے گئے پورٹل کی مدد سے اعداد و شمار جلدی جاری کئے جاسکیں گے۔