ذرائع:
نئی دہلی :مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے شہریت ترمیمی قانون سی اے اے کو لے کر بڑا اعلان کیا ہے۔ امیت شاہ نے کہا ہے کہ انتخابات سے پہلے پورے ملک میں سی اے اے لاگو کر دیا جائے گا۔ امیت شاہ نے کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ سی اے اے کسی بھی شخص کی شہریت نہیں چھینے گا۔ انہوں نے اپوزیشن پر مسلمانوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل سی اے اے کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ دسمبر میں بنگال کے اپنے دورے کے دوران شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ کوئی بھی سی اے اے کے نفاذ کو نہیں
روک سکتا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے ای ٹی ناؤ گلوبل بزنس چوٹی کانفرنس 2024 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آرٹیکل 370 (آئین کا جس نے سابقہ ریاست جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دیا تھا) کو منسوخ کر دیا ہے، اس لیے ہمیں یقین ہے کہ ملک کے لوگ بی جےپی کو 370اور این ڈی اے کو 400 سے زیادہ سیٹوں پر جیت یقینی بنا کر اپنا آشیرواد دیں گی۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ سیاسی مفاد اور ووٹ حاصل کرنے کے مقصد سے رام مندر کی پران پرتشٹھا نہیں کی گئی ۔ ہفتہ کوامت شاہ نے دعویٰ کیا کہ مرکز میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مسلسل تیسری بار این ڈی اے کی حکومت بنے گی۔