ذرائع:
تلنگانہ بی جے پی کے سربراہ بنڈی سنجے کمار نے ایک متنازعہ بیان دیا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ غنڈہ سیاستدان عتیق احمد سے زیادہ خطرناک ہیں جنہیں حال ہی میں اتر پردیش میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔
سنجے کمار نے چہارشنبہ کو ٹویٹ کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر تمام غنڈوں کے لیے غنڈہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں عتیق احمد بندوق سے لوگوں کو دھمکیاں دیتے ہیں، کے سی آر پولیس کو دھمکیاں دینے کے لیے اور ’دھرانی‘ کو عام آدمی کو ہراساں کرنے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے تلنگانہ
اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن (ٹی ایس پی ایس سی) کے امتحان کے پرچہ لیک ہونے کی موجودہ جج کے ذریعہ جانچ کرانے کے مطالبہ کو دہرایا۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں کے سی آر حکومت کی طرف سے قائم کردہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم پر بھروسہ نہیں ہے۔‘‘
سنجے کمار، جو ایک رکن پارلیمنٹ بھی ہیں،انہوں نے کہا کہ میا پور اراضی گھوٹالہ، انٹرمیڈیٹ طلباء کی خودکشی اور منشیات کے معاملے کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی نے کبھی بھی اپنی رپورٹ پیش نہیں کی۔
بی جے پی لیڈر نے کل رات محبوب نگر میں ریاست میں بے روزگاروں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے ایک احتجاجی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔