نئی دہلی، 29 جنوری (یو این آئی) امسال کا بجٹ اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سنٹرل ہال میں دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدر رام ناتھ کووند کے خطاب کے ساتھ شروع ہوگا۔
بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ 31 جنوری سے 11 فروری تک اور دوسرا مرحلہ 14 مارچ سے 8 اپریل تک ہوگا۔ اس دوران پارلیمنٹ ہاؤس میں کووڈ- 19 کی روک تھام کے لیے جاری رہنما خطوط پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
اجلاس کے پہلے دن 31 جنوری کو صدر کے خطاب کے بعد اقتصادی سروے (اکنامک سروے) 2021-22 دونوں
ایوانوں میں پیش کیا جائے گا جس میں ملک کی معاشی صورتحال کی تفصیلات پیش کرنے کے ساتھ معاشی سماجی پالیسیوں اور پروگراموں کی مستقبل کی سمت اشارہ نظر آئے گا۔
پہلے دن راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر 2.30 بجے شروع ہوگی۔
دوسرے دن، منگل، یکم فروری کو صبح 11 بجے، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن لوک سبھا میں سنہ 2022-23 کا مرکزی بجٹ پیش کریں گی۔ اس دن راجیہ سبھا کی کارروائی بجٹ تقریر کے ایک گھنٹے بعد شروع ہوگی اور بجٹ کی ایک کاپی ایوان کی میز پر رکھی جائے گی۔