نئی دہلی، 24 جولائی (یو این آئی) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے ہفتہ کے روز کہا کہ عالمی فکرمندی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بدھ مت کی اقدار اور اصولوں کو بروئے کار لانے سے دنیا کو صحت مند اور ایک بہتر مقام بنانے میں مدد ملےگی مسٹر رامناتھ کووند نے ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) کے زیر اہتمام سالانہ آشاڑھ پورنیما - دھمہ چکر کے موقع پر ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما بودھ کی تعلیمات کی روح پر قائم رہنا اہم اور اس کی مختلف تشریحات اور تاویلات میں الجھنا نہيں چاہئے۔ اس تناظر میں فیڈریشن کے مقاصد قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے تمام بودھ روایات اور تنظیموں کو انسانیت کی خدمت کے لئے ایک مشترکہ پلیٹ
فارم مہیا کرنے کے لئے آئی بی سی کے اقدام کی بھی ستائش کی۔
مسٹر کووند نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بدھ مذہب کا اثر اس مذہب کو رسمی طورپر اختیار کرنے والے 55 کروڑ پیروکاروں سے کہيں زيادہ ہے۔ دوسرے مذاہب کے لوگ یہاں تک کہ فطرت پسند اور ملحد افراد بھی مہاتما بودھ کی تعلیمات کی طرف راغب ہوتے ہیں۔ بدھ مذہب کا یہ آفاقی اور دائمی اثر انسان اور انسانیت کو درپیش بنیادی مسائل کے منطقی، عقلی اور آسان حل کی وجہ سے ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ بدھ کے زندگی سے متعلق دستاویزی پیغامات انسانیت کے لئے انمول ہیں۔ مہاتما بودھ کو اپنے ناقدین اور مخالفین سے بھی بڑا اعتماد اور احترام تھا۔ انہیں یہ روحانی طاقت اس لئے حاصل ہوئی کہ وہ ہمیشہ حق کی پاسداری میں ثابت قدم رہے۔