جموں ، 18 مئی (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر کے جموں اور سانبہ اضلاع میں بین الاقوامی سرحد پر جمعہ کی علی الصبح پاکستانی فوج کی فائرنگ سے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ 4 عام شہری زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ’پاکستان کی طرف سے جمعہ کی علی الصبح جموں کے ارنیہ و آر ایس پورہ سیکٹروں اور ضلع سانبہ کے سانبہ سیکٹر میں شدید گولہ باری کا آغاز کیا گیا‘۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف کا اہلکار ہلاک جبکہ چار عام شہری زخمی ہوئے۔ مہلوک بی ایس ایف اہلکار کی شناخت 28 سالہ سیتا رام اپادھیائے ساکنہ
جھارکھنڈ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا ’اپادھیائے ارنیہ سیکٹر میں اپنی چوکی میں ڈیوٹی دے رہا تھا کہ اس دوران وہ گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا۔ وہ اسپتال لے جانے کے دوران دم توڑ گیا‘۔ دریں اثنا آر ایس پورہ سیکٹر میں فاروق علی نامی ایک عام شہری زخمی ہوا ہے۔ جھورا فارم کے رہنے والے فاروق کو علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ فائرنگ میں زخمی ہونے والے دیگر تین شہریوں 60 سالہ پیارے لال ساکنہ آر ایس پورہ، 55 سالہ رمن کمار گپتا ساکنہ تریوہ ارنیہ اور ہربنس لال ساکنہ تریوہ کو علاج ومعالجہ کے لئے جموں کے میڈیکل کالج واسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
جاری ۔ یو این آئی ظ ح بٹ ۔ ر ب ۔