نئی دہلی،16 دسمبر(یواین آئی) برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈومنک راب نے آج یہاں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے جی -7 ممالک کی میٹنگ میں شامل ہونے کی دعوت دی مسٹر مودی نے مسٹر جانسن کے ساتھ حال ہی میں ٹیلی فون پر ہوئی بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے کووڈ کی وبا کے بعد کے حالات میں ہندوستان - برطانیہ ساجھے داری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تجارت،سرمایہ کاری،دفاع،سکیورٹی ،امیگریشن،تعلیم ،توانائی، ماحولیاتی تبدیلی اور صحت کے شعبہ میں دوطرفہ تعلقات کی پوری صلاحیت اور امکانات کا فائدہ اٹھانے کےلئے روڈ میپ بنانے کی بات کہی۔
مسٹر راب نے مسٹر جانسن کی جانب سے وزیراعظم کو مبارکباد
دی اور حال ہی میں برطانیہ کی شریک میزبان میں ہوئے موحولیات کانفرنس میں حصہ لینے کےلئے ان کے تئیں شکریہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کے مشترکہ اقدار اور مفادات کی بنیاد پر ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ترجیح ہے جس سے کہ مشترکہ عالمی چیلنجوں کا مل کر مقابلہ کیا جا سکے ۔
برطانوی وزیرخارجہ نے مسٹر جانسن کی جانب سے جی -7 ملکوں کی میٹنگ میں شامل ہونے کی دعوت بھی دی۔ یہ میٹنگ اگلے سال 2021 میں برطانیہ کی صدارت میں ہوگی۔ مسٹر مودی نے دعوت قبول کرتے ہوئے انہیں شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ وہ اگلے مہینے ملک کے 72 ویں یوم جمہوریہ پر مہمان خصوسی کے طورپر مسٹر جانسن کا استقبال کرنے کےلئے پرجوش ہیں۔