نئی دہلی، 2 فروری (یو این آئی) کانگریس نے بدھ کو حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اور اس کے لیڈروں پر الزام لگایا کہ وہ اس کے لگائے ہوئے درختوں کے پکے ہوئے پھل کھا رہی ہے اور اسے معلوم ہونا چاہئے کہ اگر کانگریس نے اپنے 70 سالہ دور حکومت میں کچھ نہیں کیا ہوتا تووہ (بی جے پی لیڈر) آج زندہ نہ ہوتے راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ خطاب حکومت کی پالیسی اور ویژن کا دستاویز ہے لیکن یہ خالصتاً انتخابی تقریر ہے اور اس میں پچھلی تمام تقاریر کے اقتباسات میں کچھ نئی چیزیں شامل کرکے بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں
حکومت کے کسی بھی وعدے کو پورا کرنے کی کوئی بات نہیں ہے اور نہ ہی غریبوں، خواتین، کسانوں اور دیگر طبقات کے لیے کچھ ہے۔
کھڑگے نے ایوان میں وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں کہا کہ حکومت کی جانب سے چھوٹے سے بڑے تک روزانہ اور سبھی یہی کہتے ہیں کہ کانگریس نے 70 سالوں میں کیا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کانگریس نے اپنے طویل دور اقتدر میں کچھ نہیں کیا ہوتا تو آج آپ لوگ (بی جے پی ) زندہ نہیں ہوتے۔کانگریس نے آئین اور جمہوریت کو برقرار رکھا جس کی وجہ سے آپ زندہ ہیں اور ان بڑے عہدوں پر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جو پھل آپ (بی جے پی) کھا رہے ہیں وہ کانگریس اور پنڈت جواہر لال نہرو کے لگائے ہوئے درخت کے ہیں۔