نئی دہلی، 26 اکتوبر (ایجنسی) بہار میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور جنتا دل یو نائٹیڈ کے درمیان لوک سبھا انتخابات کے لئے سیٹوں کی تقسیم پر اتفاق رائے ہو گیا ہے اور دونوں پارٹیاں برابر-برابر سیٹوں پر انتخاب لڑیں گي اور نشستوں کی تعداد کا اعلان این ڈی اے کی باقی دو اتحادیوں کے ساتھ بات چیت کے بعد دو -تين دنوں میں کیا جائے گا۔
بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ اور جے ڈی یو کے سربراہ مسٹر نتیش کمار نے آج یہاں ملاقات کی اور اس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ دونوں پارٹیاں مساوی سیٹوں پر لوک سبھا الیکشن لڑیں گی۔ مسٹر امت شاہ نے کہا کہ لوک جن شکتی پارٹی کے لیڈر رام ولاس پاسوان اور قومی لوک سمتا پارٹی کے لیڈر اپیندر کشواہا اور نتیش کمار کے ساتھ آگے کی بات چیت کے بعد دو تین دنوں میں نشستوں کی تعداد کا اعلان کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ بی جے پی کی دونوں اتحادی ایل جے پی اور آر ایل ایس پی جہاں اپنی سیٹوں کی تعداد بڑھانے پر زور دے رہی ہیں، وہیں مسٹر امت شاہ نے واضح کیا ہے کہ نئی اتحادی ( جے ڈی یو) کے آنے سے قومی جمہوری اتحاد کی سابقہ تمام اتحادیوں کی پچھلی بار کے مقابلے میں نشستوں کی تعداد کم ہوگی۔ پریس کانفرنس میں ایل جے پی اور آر ایل ایس پی کے لیڈران موجود نہیں تھے۔ مسٹر امت شاہ نے کہا کہ چاروں پارٹیاں این ڈی اے کا حصہ ہیں اور تمام پارٹیاں متحد ہوکر الیکشن لڑیں گی ۔