اعتمادنیوز
مہاراشٹر،سنگمنیر:کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا نے کہا کہ بی جے پی پارٹی ملک میں نوآبادیاتی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اوریہ جمہوریت کے لئے خطرناک ہے۔
سدرامیامہارشی بھاوصاحب تھروٹ اور آزادی پسند ڈاکٹر انا صاحب شندے کی صد سالہ پیدائش کے پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے خطاب کررہے تھے۔
اس موقع پرانہوں نے کہاکہ اگر جمہوریت مخالف اور آئین مخالف بی جے پی پارٹی کو اقتدارسونپا گیا تو ملک خطرے میں پڑ جائے گا۔ چیف منسٹرنے کہاکہ وہ کانگریس پارٹی ہی تھی جس نے ہندوستان کو انگریزوں کی گرفت سے آزاد کرایا اور ملک کو آزادی دلائی۔ اگر نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی کی حمایت کی گئی تو ملک کے آئین کو
خطرہ لاحق ہو جائے گا۔ اس لئے ہندوستان کے آئین کی حفاظت کی ذمہ داری کانگریس پارٹی پر ہے۔
سدرامیا نے کہاکہ جیسا کہ کانگریس نے بی جے پی کی عوام دشمن پالیسی سے کرناٹک کے لوگوں کو واقف کرایااورکانگریس ریاست میں بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے میں کامیاب رہی۔ کرناٹک میں 40 فیصد کمیشن کرپشن کے لئے بی جے پی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے عوام نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بدعنوانی اور جھوٹ سے تنگ آکر بی جے پی سے جان چھڑائی۔
کانگریس کے انتخابات سے قبل عوام کو جو ضمانتیں دی گئی تھیں وہ بغیر کسی ناکامی کے پوری ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس سمیت آئین پر یقین رکھنے والی سبھی سیاسی جماعتوں کو بی جے ہی کواقتدارسے ہٹانے کی کوشش کرنی ہوگی۔