(راست)
رائچور شہر میں چاہنے والوں نے پیش کیاخراج عقیدت
رائچور:کرناٹک کے دیگر علاقوں کی طرح رائچورشہر میں بھی نہایت ہی عقیدت واحترام کے ساتھ شیرمیسور حضرت ٹیپو سلطان شہید کا274واں یوم پیدائش منایا گیا۔ یوم پیدائش کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ ٹیپو سلطان سنگھ کی جانب سے رائچورشہر کےٹیپو سلطان چوک پر واقع حضرت ٹیپو سلطان کی تصویرکی گلپوشی کی گئی۔اس موقع پررائچور شہر کے سماجی،سیاسی،ملی اور دلت تنظیموں کے قائدین نے کہاکہ حضرت ٹیپو سلطان ایک عظیم مجاہد آزادی کے علاوہ ایک سچے محب وطن تھے۔
ملی رہنماوں نے حضرت ٹیپو سلطان
کایوم پیدائش سرکاری طورپرمنانےاور یوم پیدائش کے موقع پر سرکاری تعطیل دینے کاریاستی حکومت سے مطالبہ کیا۔ دلت تنظیموں کے لیڈروں نے کہاکہ ٹیپوسلطان پورے ملک کیلئے قومی یکجہتی اوربھائی چارے کی ایک مثال ہیں۔اور انکے کارناموں کوکبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ سبھی مذاہب کے ماننے والوں کااتحاد ہی ہندوستان کی شان ہے۔ ٹیپو سلطان کے یوم پیدائش پروگرام میں ٹیپوسلطان سنگھ کے لیڈر عبدالحی فیروز،محمد معصوم،مرزا امیر بیگ ،محمد دستگیرکے علاوہ سید جاوید الحق ایڈوکیٹ، محمد یوسف خان،محمد عثمان،متین انصاری،محمد جیلانی،اسحاق خان،کے ای کمار،وشواناتھ پٹی کے علاوہ دیگر موجودتھے۔