نئی دہلی ، 23 اگست (یو این آئی) بہار میں حکمراں اور اپوزیشن کی دس بڑی سیاسی جماعتوں نے آج سیاسی نظریات سے اوپر اٹھ کر یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی جس میں ملک بھر میں ذات برادری پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کیا گیا اور ان لوگوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نے ان کی باتیں بغورسنیں بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور ریاستی حکومت میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو کی قیادت میں 10سیاسی جماعتوں کے قائدین نے مسٹر مودی سے
یہاں ساؤتھ بلاک میں وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی اور دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نے ان کے مطالبات سے انکار نہیں کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس حوالہ سے فیصلہ وزیر اعظم کو کرنا ہے۔
مسٹر کمار نے کہا کہ ریاست میں سال 1931 میں ذات برادی کی بنیاد پر مردم شماری کی گئی تھی ، یہ اعداد و شمار اب بہت پرانے ہو چکے ہیں۔ معاشرے کے غریب طبقات کو مناسب سہولیات فراہم کرنے اور اسکیموں کے مناسب نفاذ کے لیے نہ صرف بہار بلکہ پورے ملک میں ذات برادری کی بنیاد پر مردم شماری کرانے کی ضرورت ہے۔