پٹنہ ، 17 جون (یو این آئی) مرکزی حکومت کی ’اگنی پتھ‘ اسکیم کے خلاف پرتشدد احتجاج کرنے والے امیدواروں نے آج مسلسل تیسرے دن بہار کے مختلف اضلاع میں ریلوے کو نشانہ بناتے ہوئے توڑ پھوڑ اور آتش زنی کی پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف فوج میں بھرتی کے امیدوار جمعہ کی صبح سے ہی سڑکوں اور ریلوے ٹریک پر احتجاج کر رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے قومی شاہراہوں اور کئی ریلوے ڈویژنوں پر ٹریفک متاثر ہوا ہے۔ متعدد ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر کھڑی ہیں،
قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ۔
ایسٹ سنٹرل ریلوے (ای سی آر) کے مطابق احتجاج کر رہے امیدواروں نے سمستی پور اور لکھی سرائے میں ٹرینوں کوآگ لگا دی ۔ مظاہرین نے لکھی سرائے میں وکرم شیلا ایکسپریس اورسمستی پور میں دہلی جانے والی بہار سمپرک کرانتی ایکسپریس کی چار بوگیوں کوآگ لگا دی جبکہ 10 بوگیوں کو پتھر مار کر نقصان پہنچایا ۔ اسی طرح ضلع کے محی الدین نگر ریلوے اسٹیشن پر مظاہرین نے جموں توی گوہاٹی ایکسپریس کے دو ڈبوں کو نذر آتش کردیا۔