جموں۔ ایک دن پہلے بی ایس ایف کے ایک جوان کے شہید ہونے کے بعد ہندوستانی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان فوج کی تین چوکیوں کو تباہ کر دیا جبکہ دراندازی کرنے کی کوشش کر رہے 15 پاکستانی رینجرز کو ڈھیر کر دیا۔ یہ کارروائی جمعرات کو علی الصبح ہوئی۔
بی ایس ایف جوانوں نے جموں ضلع میں بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی کوشش کو ناکام کرتے ہوئے 15 پاکستانی رینجرز کو مار گرایا۔ یہ کارروائی آج صبح ایک دراندازی کرنے والے کو مار گرانے کے بعد کی گئی۔ پاکستانی رینجرز دراندازوں کو گھسانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ہندوستان نے جوابی کارروائی میں پاکستان کے تین مارٹر پوائنٹس بھی تباہ کردیئے ہیں۔
پاکستان فوج کی فائرنگ میں ایک دن پہلے 50 سال کے ہیڈ کانسٹیبل آر پی ہزارا کی موت ہو گئی تھی۔ یہ فائرنگ کل شام چار بجے کے ارد گرد سامبا
سیکٹر سرحد پر ہوئی تھی۔ ہزارا فائرنگ میں بری طرح زخمی ہوئے تھے اور انہیں بچایا نہیں جا سکا تھا۔ اس کے بعد جمعرات کی صبح بی ایس ایف نے زبردست کارروائی کرتے ہوئے جوان کی شہادت کا بدلہ لے لیا۔
بی ایس ایف، جموں فرنٹیئر کے انسپکٹر جنرل رام اوتار نے بتایا کہ جوانوں نے جمعرات کی صبح قریب 5:45 بجے ارنیا سیکٹر میں نکووالا سرحدی چوکی کے قریب بین الاقوامی سرحد پر دو تین لوگوں کو دیکھا۔
انہوں نے بتایا کہ بی ایس ایف کے جوانوں نے انہیں للکارا اور فائرنگ شروع کردی جس میں ایک درانداز کو مار دیا گیا۔ مقتول کی عمر تقریبا 30 سال ہوگی۔ یہ دراندازی پاکستانی رینجرز کرا رہے تھے۔ رام اوتار نے بتایا کہ ہماری جوابی کارروائی میں پاکستان کا بہت نقصان ہوا ہے۔ تقریبا ان کے پندرہ رینجرز مارے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر درانداز کسی طرح سے فرار ہو گئے۔