ذرائع:
نئی دہلی:کانگریس سے متعلق جن کھاتوں کو انکم ٹیکس محکمہ نے منجمد کر دیا تھا، انہیں آئی ٹی ٹریبونل سے بڑی راحت ملی ہے۔ پارٹی لیڈر وویک تنکھا نے کہا کہ کانگریس کے کھاتوں پر پابندی چہارشنبہ تک ہٹا دی گئی ہے۔ تنکھا نے بتایا کہ میں نے ابھی دہلی میں آئی ٹی اے ٹی بنچ کے سامنے کانگریس کا رخ پیش کیا ہے۔ ہم نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے تمام اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں۔
تنکھا نے کہا کہ عدالت نے میری بات سنی۔ ہم نے کہا کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں اور ہمیں غیر متناسب سزا نہیں دی جا
سکتی۔ تنکھا نے کہا کہ ہم میرٹ پر بحث کرنا چاہتے ہیں کہ ہم پر 115 کروڑ کا ٹیکس کیسے لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے سماعت کے بعد ہمیں راحت دی اور اب کانگریس پارٹی بینک اکاؤنٹ کا استعمال کرسکتی ہے۔ اگلی سماعت چہارشنبہ کو ہوگی۔
اس سے قبل پارٹی کے سینئر لیڈر اجئے ماکن نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ نہ تو ملازمین کی تنخواہیں نکال پا رہے ہیں اور نہ ہی بل ادا کر پا رہے ہیں۔ ماکن کا کہنا ہے کہ کانگریس کے ساتھ ساتھ یوتھ کانگریس کے کھاتوں کو بھی منجمد کر دیا گیا ہے۔ اجئے ماکن نے ایک پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔