واشنگٹن، 25 ستمبر (یو این آئی) امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعہ کو کہا کہ دنیا کےسب سے بڑے جمہوری ملک ہندوستان اور امریکہ دوطرفہ تعلقات کی تاریخ میں نیا باب شروع کر رہے ہیں۔
مسٹر بائیڈن نے کہا، "ہندوستان اور امریکہ کے قریبی اور مضبوط تعلقات سے پوری دنیا کو فائدہ ہوسکتا ہے اور میرے خیال میں ایسا ہونا شروع ہو گیا ہے۔ آج ہم امریکہ ہندوستان تعلقات کی تاریخ کا ایک نیا باب شروع کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا، "مجھے طویل عرصے سے یقین ہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات کئی عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ 2006 میں نائب صدر
بننے کے بعد میں نے کہا تھا کہ 2020 تک ہندوستان اور امریکہ دنیا کے قریب ترین ممالک میں شامل ہوں گے۔”
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ مل کر کووڈ کی وبا کو ختم کر سکتے ہیں۔ آب و ہوا کی تبدیلی اور ہند بحرالکاہل کے خطے کو محفوظ بنانے کے بارے میں بھی وہ وزیر اعظم کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا، "وزیر اعظم اور میں آج اس بات پر تبادلہ خیال کریں گے کہ ہم کووڈ 19 سے لڑنے کے لیے مزید کیا کر سکتے ہیں اور دنیا کے سامنے آنے والے آب و ہوا کے چیلنجوں کاسامنا اپنے کواڈ اتحادیوں کے ساتھ ہندبحرالکاہل خطے کا استحکام کیسے یقینی بنا سکتے ہیں۔