چنڈی گڑھ،18 جنوری (یواین آئی) عام آدمی پارٹی (آپ) دو بار کے سنگرور سے اپنے رکن پارلیمنٹ بھگونت مان کو وزیراعلی کا چہرہ بناتے ہوئے پنجاب اسمبلی انتخابات میں اترے گی۔
اس کا اعلان پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج یہاں کیا۔ اس طرح ا ٓپ ریاست کی پہلی پارٹی بن گئی ہے جس نے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے وزیر اعلیٰ کے چہرے کا اعلان کیا ہے۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ گزشتہ ہفتے پارٹی نے ایک فون نمبر جاری کیا تھا جس پر لوگوں سے رائے مانگی گئی تھی کہ ریاست کا وزیر اعلیٰ کون ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سروے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں
نے مسٹر مان کے حق میں اپنی رائے ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ اس پول میں پیر کی شام تک 21.59 لاکھ سے زیادہ پیغامات اور فون کال موصول ہوئے اور 93.7 فیصد لوگوں نے مسٹر مان کا نام دیا۔ یعنی مسٹر مان آپ کے وزیر اعلیٰ کا چہرہ بنیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اے اے پی ریاست میں حکومت بنائے گی اور مسٹر مان ریاست کے اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اگر وہ خود مسٹر مان کے نام کا اعلان کرتے تو ان پر وزیراعلی کے طور پر لوگوں پر زبردستی کسی کو مسلط کرنے کا الزام لگ جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اس سروے میں کچھ لوگوں کی رائے تھی کہ انہیں یا کنور وجے پرتاپ سنگھ کو وزیر اعلیٰ کا چہرہ بنایا جائے۔