پٹنہ ۔ یکم / اپریل:- مرکزی وزیر اشونی کمار چوبے کے بیٹے اریجیت شسوت کو بھاگلپور میں پیش آئے حالیہ فرقہ وارانہ فسادات سے متعلق ایک کیس کے ضمن میں آج گرفتار کرلیا گیا ۔ شسوت کیخلاف /24 مارچ کو گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا تھا اور بھاگلپور عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کئے جانے کے چند گھنٹوں بعد ہی ان کی گرفتاری عمل میں آئی ہے ۔ انہیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ہے ۔ شسوت ، مرکزی مملکتی وزیر صحت و خاندانی بہبود اشونی کمار چوبے کے فرزند ہیں ۔
پٹنہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مانو مہاراج نے صحافیوں سے
کہا کہ ’’ہمارے پاس اطلاع تھی کہ پٹنہ جنکشن کے قریب مشہور ہنومان مندر میں شسوت موجود ہیں اور پولیس کی ایک ٹیم نے وہاں پہونچکر انہیں گرفتار کرلیا ۔ انہیں بھاگلپور روانہ کیا جارہا ہے اور شسونت نے اپنی گرفتاری کے بعد اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’عدالت کے احکام کے مطابق میں خود کو پولیس کے حوالے کرچکا ہوں ۔ مجھ پر گرفتاری سے بچنے کا غلط الزام لگایا جارہا ہے ۔ میں مفرور نہیں تھا ۔ میں کوئی جرم نہیں کیا ہوں ۔ اگر بھارت ماتا اور سری رام کی تائید میں نعرے لگانا جرم ہے تو آپ مجھے مجرم کہہ سکتے ہیں‘‘ ۔ شسوت کا نام بھی ان آٹھ افراد کے ساتھ شامل ہے جن کے خلاف فرقہ وارانہ فساد بھڑکانے کے الزام کے تحت دو دو ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں ۔