نئی دہلی، 20 جون (یو این آئی) آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع رچرڈ مارلس پیر سے ہندوستان کے چار روزہ دورے پر ہیں۔ اس دوران وہ ہندوستان کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کریں گے۔
آسٹریلیا کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع 20 سے 23 جون تک ہندوستان میں ہوں گے۔
نائب وزیر اعظم مسٹر مارلس نے ایک بیان میں کہا، "آسٹریلیا اور ہندوستان جامع اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ میں ہندوستان کے ساتھ آسٹریلیا کے دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہوں۔"
انہوں نے کہا، "میں اپنے ہم منصب
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات اور اس سطح کی پہلی دو طرفہ بات چیت میں شرکت کا منتظر ہوں۔"
مسٹر مارلس نے کہا، "مسٹر سنگھ نے ہندوستان-آسٹریلیا کے دفاعی تعلقات کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور میں ہماری جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے حصے کے طور پر دفاعی ستون کو مضبوط کرنے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔"
انہوں نے کہا کہ ہندوستان آسٹریلیا کے قریبی سیکورٹی پارٹنرز میں سے ایک ہے اور یہاں کی حکومت ہند بحرالکاہل خطے میں اپنے دیگر شراکت داروں کے ساتھ آسٹریلیا کی تاریخی طور پر گہری مصروفیت کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔