نئی دہلی/26جون(ایجنسی) کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو "اورنگ زیب سے بھی بڑا ظالم آمر" قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ انہوں نے پوری جمہوریت کو یرغمال بنادیا ہے اور 43 سال پرانے ایمرجنسی کی بات کرکے اپنی حکومت کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی سلطنت کی تاریخ میں بے رحم بادشاہ اورنگ زیب نے صرف اپنے والد کو ہی قید کیا تھا لیکن مسٹر مودی نے پوری جمہوریت کو ہی یرغمال بنادیا ہے ۔ مسٹر مودی بے لگام باتیں کررہے ہیں اور اقتدارکے انا میں ڈوب گئے ہیں اور اب ملک کے عوام 2019میں انہیں سبق سکھادیں گے۔
text-align: start;">انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے آدھے ادھورے جی ایس ٹی نافذ کرنے اور نوٹ بندی جیسے فیصلوں سے ملک کی معیشت تباہ ہوگئی ہے ۔ گذشتہ 49ماہ سے ملک میں خوف اور دہشت کا ماحول ہے۔ دلتوں ، غریبوں، قبائلیوں ، خواتین اور اقلیتوں کے ساتھ تشدد کے واقعات ہورہے ہیں۔ یہ خوف کے ماحول کا ہی نتیجہ ہے کہ سپریم کورٹ کے چارسینئر جج عوام کے سامنے آکر اپنی بات رکھنے کے لئے مجبور ہورہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ مسٹر مودی ڈکٹیٹر کی طرح کام کرتے ہیں۔ ان کے کام کرنے کا طریقہ وہی ہے جوایک بے رحم ڈکٹیٹر کا ہوتا ہے۔ حکومت کے تمام فیصلے صرف ایک شخص کررہاہے اور اب ریزرویشن ختم کرنے کی سمت میں قدم بڑھائے جارہے ہیں۔ مودی حکومت آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے ساتھ مل کر ریزرویشن پر نظرثانی کررہی ہے ۔ مودی حکومت نے شیڈولڈ کاسٹ اور شیڈولڈٹرائب کے ترقیاتی کاموں کے لئے بجٹ کم کردئے ہیں۔