بنگلورو : کرناٹک کے لوک آیکت جسٹس پی وشوناتھ شیٹی پر ان کے ہی چیمبر میں ایک شخص نے حملہ کردیا ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ان کے سینے پر چاقو سے تین مرتبہ حملہ کیا گیا ۔ حملہ آور کی شناخٹ تیجس شرما کے طور پر ہوئی ہے اور اسے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ شیٹی کو سنگین طور پر زخمی حالت میں مالیہ اسپتال میں داخل کرایا گیا ، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
لوک آیکت آفس کے ذرائع کے مطابق حملہ آور ایک کیس کے سلسلہ میں یہاں آیا تھا اور اس نے شیٹی پر حملہ کردیا ۔ کرناٹک کے وزیر داخلہ آر راملنگا ریڈی نے بتایا کہ فی الحال ان کے پاس حملہ آور کے بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں ہیں ۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ اس نے ایسا کیوں کیا ، ہمیں یہ بھی نہیں معلوم کے اس نے لوک آیکت سے ملنے کیلئے وقت لیا تھا یا نہیں ۔ پولیس اس سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔
مالیہ اسپتال سے موصولہ
اطلاعات کے مطابق شیٹی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ وزیر اعلی سدا رمیا بھی ان کی عیادت کیلئے اسپتال پہنچے ۔ پولیس کمشنر تی سنیل کمار نے وزیر اعلی کو واقعہ کی معلومات فراہم کرائی ۔
بنگلورو کے ایک پولیس افسر نے نیوز 18 کو بتایا کہ تیجس شرما بدعنوانی سے وابستہ ایک کیس کے سلسلہ میں دوپہر 1.30 بجے یہاں آیا تھا ۔چیمبر میں داخل ہوتے ہے اس نے لوک آیکت پر حملہ کردیا ۔ لوک آیکت آفس میں داخل ہونے سے پہلے اس نے وزیٹر بک میں بھی انٹری کی تھی ۔ ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ شرما بدعنوانی سے وابستہ 18 معاملات کی معلومات حاصل کرنے کیلئے وہاں پہنچا تھا۔
وہیں دوسری طرف حملہ کو لے کر سیاست بھی شروع ہوگئی ہے ۔ بی جے پی اور جے ڈی ایس نے کانگریس پارٹی پر عدالتی نظام نہ سنبھال پانے کا الزام لگایا ہے۔ وزیر اعظم اور جے ڈی ایس کے سربراہ ایچ ڈی دیو گوڑا نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے سدا رمیا حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے۔