نئی دہلی : دہلی کے چیف سکریٹری انشو پرکاش کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے معاملہ میں عام آدمی پارٹی (آپ) کے ممبر اسمبلی پرکاش جروال کو امبیڈکر نگر میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی کو حراست میں لے کر پہلے ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور پھر بعد میں انہیں گرفتار کرلیا ۔ جبکہ پارٹی کے ہی ایک دوسرے ممبر اسمبلی امانت اللہ کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔
’آپ ‘کے ترجمان سوربھ بھاردواج نے ٹوئٹ کرکے ممبر اسمبلی کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا’’ دہلی پولیس نے بغیر کسی ثبوت کے ممبر اسمبلی کو
گرفتار کیا گیاہے۔ ان آئی اے ایس افسروں کا کیا جو کیمرے میں وزیر کو پیٹتے دیکھے جا سکتے ہیں؟ وزیر کے ایف آئی آر اور ویڈیو ثبوت کے باوجود گرفتاری نہیں ہوئی ہے‘‘۔
غور طلب ہے کہ مسٹر پرکاش کے ساتھ وزیر اعلی اروند کجریوال کی رہائش گاہ پر کی گئی بدسلوکی اور دھکا مکی کی شکایت پر پولیس نے مختلف دفعات کے تحت کل ایف آئی آر درج کی تھی۔ مسٹر پرکاش کے ساتھ بدسلوکی کے خلاف انڈین ایڈ منسٹریٹو (آئی اے ایس) یونین نے کل راج گھاٹ پر کینڈل مارچ نکالا تھا۔ آئی اے ایس یونین نے مذکورہ واقعہ کیخلاف کام نہیں کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔