بیروت 25 جولائی (ایجنسی) شام کے جنوبی شہر السویداء میں بدھ کو ہونے والے ایک خود کش حملے میں 38 لوگوں کی موت ہوگئی اور 37 زخمی ہو گئے۔
سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق السویداء کے بھیڑ بھاڑ والے بازار میں بدھ کی صبح ایک شخص نے خود کو بم سے اڑا لیا ۔ اس حملے میں 38 افراد ہلاک ہو گئے اور 37 زخمی ہوئے ہیں۔ حملے کے بعد سکیورٹی فورس نے دو مشتبہ افراد کا پیچھا کر کے انہیں مار دیا۔ سکیورٹی کے مطابق مارے گئے دونوں شخص خود کو بم سے اڑانے کی فراق میں تھے۔ حملے کے پیچھے دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ
(داعش) کا ہاتھ ہونے کا شبہ ہے۔
ٹیلی ویژن کے مطابق داعش کے دہشت گردوں نے السویداء کے شمال مشرق کے تین دیہاتوں پر بھی حملہ کیا جس میں بہت سے لوگوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کے خبریں ہیں۔
شامی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق شمال مشرقی شہر میں داعش کے دہشت گردوں اور سکیورٹی فورس کے درمیان جھڑپوں میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسٹیٹ میڈیا کے مطابق تین دیہات میں دہشت گردوں کی دراندازی روکنے کے لئے ایئر فورس نے ان پر ہوائی حملہ بھی کیا ہے۔