نئی دہلی، 15 فروری (یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر اشونی کمار نے 46 سال تک پارٹی سے وابستہ رہنے کے بعد منگل کو پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔
کانگریس صدر سونیا گاندھی کو لکھے خط میں مسٹر کمار نے بتایا کہ وہ موجودہ حالات میں ملک کی سب سے قدیم پارٹی کے ساتھ نہیں رہ سکتے۔
اپنے مختصر خط میں انہوں نے بتایاکہ "معاملے پر غور کرنے کے بعد میں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ موجودہ حالات میں اپنے وقار کے مطابق میں پارٹی
سے باہر رہ کر ملک کی خدمت کر سکتا ہوں۔‘‘
انہوں نے بتایاکہ "میں 46 سال کی طویل وابستگی کے بعد پارٹی چھوڑ رہا ہوں اور ہمارے مجاہدین آزادی کے لبرل جمہوریت کے وعدے پر مبنی تبدیلی کی قیادت کے خیال سے متاثر عوامی مفادات کو فعال طور پر آگے بڑھانے کا منتظر ہوں۔"
مسٹر کمار مبینہ طور پر پارٹی کو ازسرنو بحال کرنے میں ناکام رہنے اور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کو کانگریس چھوڑنے کے لئے حالات پیدا کرنے پر پارٹی قیادت سے ناخوش تھے۔