نئی دہلی ،29جنوری (یواین آئی)مرکزی کابینہ نے نیشنل کمیشن فار اینڈین سسٹم آف میڈیسن بل ،2019(این سی آئی ایم )میں اور قومی ہومیوپیتھی کمیشن بل ،2019میں سرکاری ترمیم کو منظوری دیدی ہے ۔
وزیراعظم نریندرمودی کی صدارت میں بدھ کوہوئی کابینہ کی میٹنگ میں ان دونوں بلوںمیں ترمیم کو منظوری دی گئی ۔دونوں بل راجیہ سبھا میں زیرالتوا ہیں ۔اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے میٹنگ میں ہوئے فیصلوں کی اطلاع دیتے ہوئے صحافیوں سے کہاکہ مجوزہ قانون سے انڈین میڈیکل ایجوکیشن سسٹم میں ضروری
اصلاحات کو یقینی بنایاجائیگا۔اس سے عام لوگوں مفادات کے تحفظ کےلیے شفافیت اور جوابدہی طے ہوگی ۔کمیشن ملک کے سبھی حصوں میں کفایتی حفظان صحت کی خدمات کی دستیابی کو فروغ دیگا۔
انھوں نے کہاکہ انڈین میڈیکل سسٹم سے متعلق تعلیمی اداروں کے تعلیمی معیار،تجزیہ اور منظوری سے متعلق کام کو سہل بنانے کے لیے کمیشن تشکیل دیاگیاہے ۔این سی آئی ایم کی تشکیل کا اصل مقصد مناسب تعداد میں پیشہ ور ڈاکٹروں کی دستیابی اور اینڈین میڈیکل نظام میں طبی خدمات کے سبھی پہلوؤںمیں اعلی اخلاقی معیارات کو فروغ دینا ہے ۔