نئی دہلی، یکم جون (یو این آئی) صدر رام ناتھ کووند نے چیف جسٹس آف انڈیا این۔ وی رمنا کے مشورے پر مختلف ہائی کورٹس میں 10 ججوں اور چار ایڈیشنل ججوں کا تقرر کیا ہے۔
یہ اطلاع مرکزی وزارت قانون و انصاف نے بدھ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے دی۔
بیان کے مطابق مدراس ہائی کورٹ کے نو ایڈیشنل ججوں کو ترقی دے کر جج مقرر کیا گیا ہے، جب کہ ایک وکیل کو دہلی ہائی کورٹ کا جج بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دو جوڈیشل افسران کو کلکتہ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج اور ایک وکیل کو دہلی
ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر ترقی دی گئی ہے۔
بیان کے مطابق مدراس ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس گووندراجولو کو ہائی کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دی گئی ہے۔ اسی طرح دیگر ایڈیشنل ججوں - جسٹس ویراسامی سیواگنانم، جسٹس گنیشن ایلنگوون، جسٹس اننتی سبرامنیم، جسٹس کنمل شانموگا سندرم، جسٹس ستی کمار سوکمار کروپ، جسٹس مرلی شنکر کپورجو، جسٹس منجولا راماراجو نلیا اور جسٹس تھاملسیلوی ٹی والیا پالائم کو ایڈیشنل جج سے ترقی دے کر مدراس ہائی کورٹ میں ہی جج کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔