امراوتی/28مارچ(ایجنسی) آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے کہا ہے کہ ریاست کے مفادات پروہ کوئی بھی مفاہمت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ وہ عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ اپنی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست اور ریاست کے عوام کی خاطر کسی بھی قسم کی بے عزتی برداشت کرنے کے لئے تیار ہیں ۔انہوں نے مرکز پرسازش کا الزام لگایا کہا کہ ان کی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ تحریک عدم اعتماد کے لئے طاقت
کا مظاہرہ کررہے ہیں تاہم یہ تحریک عدم اعتماد قبول نہیں کی جارہی ہے۔اس طرح ایوان کی کارروائی کو ملتوی کرنا غیر جمہوری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ انصاف چاہتے ہیں ۔اس کے بجائے مرکز کی بی جے پی حکومت ان پر جوابی حملے کر رہی ہے۔تلگودیشم کے سربراہ نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ اے پی تنظیم نو قانون میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرے ۔انہوں نے کہاکہ ان وعدوں کا تعلق اے پی کے عوام سے ہے ۔