لکھنؤ:12جنوری(یواین آئی)یوپی اسمبلی انتخابات سے عین قبل سوامی پرساد موریہ کے بعد یوگی کابینہ کے وزیر داراسنگھ چوہان نے بھی بدھ کو وزارت سے استعفی دے کر بی جے پی کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا انہوں نے اپنا استعفی یوپی کی گورنر آنندی بین پٹیل کو سونپا اپنے استعفی نامہ میں چوہان نے کہا’وزیر کی حیثیت سے اپنے شعبے کی بہتری کے لئے میں نےحتی المقدار کوششیں کی لیکن پسماندہ طبقات، دلت و بے روزگار نوجوانوں کے تئیں حکومت کے غیر ذمہ دارانہ رویہ اور دلتوں کے ریزرویشن کے معاملے کو جس طرح سے ہینڈل کیا گیا اس سے دلبرداشتہ ہوکر وزارت سے استعفی دے رہا ہوں‘۔
اس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں چوہان نے اعادہ کیا کہ انہوں نے ایسا قدم مجبوری میں اٹھایا ہے۔اور یہ حقیقت ہے کہ پسماندہ طبقات،دلتوں،
پچھڑوں ،کسان اور بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوا ہے۔گذشتہ 5سالوں میں اپنے تحفظات ریاستی حکومت کے ساتھ ساتھ مرکزی قیادت کو بھی آگاہ کیا لیکن دونوں جگہ سے اسے نظر انداز کردیا گیا۔جن غریب،مزدور، پسماندہ طبقات،کسان اور نوجوان کے آشیرواد سے حکومت بنی تھی ان کی توقعات پوری نہیں ہوئیں۔
ایک سوال آیا انہوں نے سوامی پرساد موریہ کی حمایت میں استعفی دیا ہے چوہان نے کہا موریہ ایک سینئر لیڈر ہیں لیکن استعفی دینے کا فیصلہ ان کا اپنا ہے۔وہیں اس سوال کہ کیا وہ سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے ، پر ان کا کہنا تھا کہ’ میں اپنے حامیوں، کارکنوں اور ان تمام افراد جن کی وجہ سے میں سیاست میں ہوں ان سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد کوئی فیصلہ کرونگا۔دھیرے دھیرے ساری چیزیں اک دم واضح ہوجائیں گی۔