چنڈی گڑھ، 20 اگست (یو این آئی) پنجاب حکومت اور برسراقتدار کانگریس کے درمیان بہتر تال میل کو یقینی بنانے اور مختلف سرکاری پروگراموں، پیش رفت اور اصلاحات کو تیزی سے نافذ کرنے کی بابت آج وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ اور ریاستی کانگریس کے صدر نوجوت سدھو کے درمیان 10 رکنی اسٹریٹجک پالیسی گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گروپ کی صدارت کپٹن سنگھ کریں گے اور اس میں بلدیہ کے وزیر برہم موہیندرا، وزیر خزانہ منپریت بادل اور سماجی تحفظ کی وزیر ارونا چودھری، نوجوت سدھو اور پارٹی کے چار کارگذار صدر کلجیت سنگھ، سکھویندر سنگھ ڈَینی، سنگت سنگھ گلجیاں اور پون گوئل اور جنرل سکریٹری پرگٹ سنگھ کے علاوہ اس گروپ کے رکن ہوں گے۔
اس کا فیصلہ آج صبح مسٹر سدھو، کُلجیت ناگرہ، پرگٹ سنگھ کی کیپٹن سنگھ کے ساتھ ہوئی ملاقات کے وقت کیا گیا۔ ان کے درمیان پنجاب سے متعلق مسائل اور پارٹی کی تنظیم اور حکومت کے درمیان بہتر کوآرڈینیٹر
بنانے کے لیے ٹھوس قدم اٹھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
یہ گروپ وزراء اور ضرورت کے مطابق ماہرین سے صلاح و مشورہ کرے گا اور ہر ہفتے میٹنگ کرے گا جن میں حکومت کی جانب سے پہلے نافذ کیے جانے والے منصوبوں کے بارے میں غور و خوض کیا جائے گا اور کام کا جائزہ لیا جائے گا اور اراکین اسمبلی سے ان کے انتخابی حلقوں کی بابت غوروخوض کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ملنے والے مشورے پر عمل کیا جائے گا۔
دیگر فیصلے کے تحت کیپٹن سنگھ نے کہا کہ ہر وزیر ہفتے میں تین دن پارٹی ہیڈکوارٹر میں بیٹھے گا تاکہ اراکین اسمبلی اور پارٹی کے عہدیداران کے ساتھ اپنے اپنے حلقوں سے متعلق مسائل کے بارے میں غوروخوض کرکے شکایتوں کو دور کیا جا سکے۔
غور طلب ہے کہ یہ کاروائی اگلے سال شروع ہونے والے اسمبلی الیکشن کے سلسلے میں کی جارہی ہے تاکہ کانگریس اپنی صورتحال مستحکم کرکے اقتدار میں واپسی کر سکے۔
یو این آئی،ایم اے۔