کلکتہ22مارچ (یواین آئی) وزیرا عظم نریندر مودی نے آج مغربی بنگال کے عوام کے یقین دلاتے ہوئے کہاہے کہ مصیبت کی اس وقت میں پورا ملک ان کے ساتھ ہے اور مرکزی حکومت ”امفان طوفان“ سے ہونے والی تباہی سے بنگال کو نکالنے اور بنگال کی از سر نو بازآبادکار ی کیلئے بنگال حکومت کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے۔وزیرا عظم مودی نے کہا کہ ابتدائی طور پر مرکزی حکومت نے ایک ہزار کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ممتا بنرجی کے ساتھ امفان طوفان سے ہونے والی تباہیوں کا فضائی جائزہ لینے کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ امفان طوفان نے بنگال میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اورلاکھوں کروڑ روپے کے نقصانات ہوئے ہیں۔وزیرا عظم مودی نے کہا کہ بنگال کو اس مصیبت سے نکالنے کیلئے مرکز اور ریاستی حکومت مل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بنگال جلد سے جلد دوبارہ کھڑا کرنے ور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے جلد ہی مرکزی حکومت کی ایک ٹیم بنگال کا دورہ کرے گی اور زراعت، بجلی،کمیونیکیشن،سڑک، مکانات اور دیگر نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد پورا خاکہ بنائے گی۔ بازآباد کاری کیلئے موثر یوجنا بنائی جائے گی۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بنگال کو از سرنو کھڑا کرنے کیلئے جو بھی ضروریا ت ہوگی اس کو پورا کرنے کیلئے ہم
کھڑے رہیں گے۔وزیرا عظم مودی نے کہاکہ فوری طور پر ہم نے بنگال حکومت کو ایک ہزار کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔تاکہ جلد سے جلد بازآبادکاری کا کام شروع کیا جاسکے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ طوفان میں جن لوگوں کی موت ہوگئی ہے ان کے ورثاء کو دو۔دو لاکھ روپے وزیر اعظم ریلیف فنڈ سے دیا جائے گا۔اس کے علاوہ زخمیوں کے علاج کیلئے50ہزار روپے تک کی مدد کرنے کا انتظام کریں گے۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کے بحران سے دو چار ہے اور اس سے جیتنے کی کوشش کررہی ہے۔ہندستان بھی کورونا کے خلاف جنگ لڑرہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس اور طوفان سے نمٹنے کا منتر جداگانہ ہے۔کورونا وائرس کا منتر یہ ہے کہ جو جہاں ہے وہیں رہے۔اور معاشرتی فاصلے کو قائم رکھے۔جب کہ طوفان کا تقاضا ہے کہ جلد سے جلد لوگوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا جائے۔دو الگ قسم کی لڑائیاں بنگال کو لڑنی پڑرہی ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہ کہ ممتا بنرجی کی قیادت میں بنگال حکومت نے اس محاذ پر بہترین کام کررہی ہے اور مرکزی حکومت نے طوفان آنے سے قبل جو کام کرنے کا تھا اس میں بھی ریاستی حکومت کی مدد کی اور طوفان کے بعد بھی ریلیف، باز آبادکاری میں مدد کرنے کو تیار ہے۔اس لئے ایڈوانس کے طور پر مرکز نے ایک ہزار کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔