نئی دہلی، 26 فروری (یواین آئی) کانگریس صدر سونیا گاندھی نے دہلی میں ہوئے تشدد کے لئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے بدھ کے روز ان کے استعفی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت کو دارالحکومت میں امن بحال کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کرنے چاہئیں۔
محترمہ گاندھی نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ دلی میں سیکورٹی انتظامات باعث تشویش ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ متاثرہ علاقوں میں وقت رہتے پولیس تعیناتی نہیں کی گئی جس سے کئی لوگوں کو جان گنوانی پڑی اور
املاک کو زبردست نقصان پہنچا۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں پولیس تعیناتی کرنے میں جان بوجھ کر تاخیر کرنے کا الزام لگایا۔
کانگریس صدر نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں نے اشتعال انگیز بیان دے کر لوگوں کو مشتعل کیا اور فساد کا ماحول پیدا کیا اور اس کی سازش رچی۔ انہوں نے کہا کہ فساد کے حالات بنانے سے قبل بی جے پی کے لیڈروں نے ڈر اور خوف کا ماحول بنایا۔ حکومت کو ان لوگوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے تھی۔انہوں نے کہا کہ مسٹر شاہ دلی تشدد کے لئے راست طور پر ذمہ دار ہیں اور انہیں اپنے عہدے سے استعفی دینا چاہیے۔