ذرائع:
رائےبریلی: سابق صدر رام ناتھ کووند نے کہا ہے کہ اگر ون نیشن ون الیکشن سسٹم لاگو ہوتا ہے تو مرکز میں برسراقتدار پارٹی کو اس کا فائدہ ہوگا۔ ون نیشن ون الیکشن کے لئے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے چیئرمین رام ناتھ کووند شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے پیر کو رائے بریلی کے شیواجی نگر پہنچے تھے۔ انہوں نے آئی ٹی آئی گیسٹ ہاؤس میں قیام کیا اور اہم مسئلہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار پارٹی چاہے وہ بی جے پی ہو، کانگریس ہو یا کوئی اور پارٹی، اسے ون نیشن ون الیکشن کا سیدھا فائدہ ملے گا۔ اس کے ساتھ عوام کو بھی فائدہ ہوگا، کیونکہ کروڑوں روپئے کے ریونیو کے نقصان سے بچ جائے گا۔ انتخابات میں ریونیو کی بچت ہوگی جو ترقیاتی کاموں میں استعمال ہوگی۔
رام ناتھ کووند نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت ہند نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے،
جس میں مجھے چیئرمین بنایا گیا ہے۔ یہ کمیٹی جلد ہی حکومت کو تجاویز دے گی کہ اسے دوبارہ کیسے نافذ کیا جا سکتا ہے۔
اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔ تجاویز مانگی گئی ہیں۔ بیشتر سیاسی جماعتوں نے بھی اس کی حمایت کی ہے۔ ہم سب سے درخواست کرتے ہیں کہ اس مسئلے کے حوالے سے مثبت تعاون کریں، کیونکہ یہ ملک کے مفاد میں ہے۔
ون نیشن ون الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سمیت مختلف تنظیموں سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی، نیتی آیوگ اور کئی دیگر کمیٹیوں کی رپورٹیں آئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ایک بار پھر ون نیشن ون الیکشن کی روایت کو نافذ کیا جانا چاہیے۔
نیتی آیوگ اور الیکشن کمیشن جیسے اداروں سمیت کئی پارٹیوں نے اس کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں متفق نہیں ہیں اور درمیانی راستہ بھی نکالا جا رہا ہے۔ تاکہ ملکی مفاد میں اسے جلد نافذ کیا جا سکے۔