ذرائع:
حیدرآباد: مرکزی الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات میں28ہزار57 لوگوں کو گھر بیٹھے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام 13 زمروں کو پوسٹل بیلٹ کا موقع فراہم کیا ہے جن میں 80 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کے ساتھ ساتھ تسلیم شدہ صحافی، الیکشن ڈیوٹی پر مامور سیکورٹی اہلکار، الیکشن ڈیوٹی پر مامور ملازمین،جسمانی معذورافراد وغیرہ شامل ہیں۔
اگرچیکہ44ہزار97 لوگوں نے 12D فارم کے ذریعے درخواست دی، لیکن ان کی جانچ پڑتال کی گئی اور28ہزار57افراد اہل پائے گئے۔ ان میں سے زیادہ تر سدی پیٹ میں 752 اور 36 اسمبلی حلقوں میں 100 سے کم ہیں۔ چونکہ پولنگ 30 نومبر کو ہے، اس سے قبل انہیں ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
ڈپٹی سی ای او ستیہ وانی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے لئے پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ختم ہو گئی ہے۔ چونکہ مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی حتمی فہرست کو حتمی شکل دی گئی ہے، تمام حلقوں کے ریٹرننگ افسران
نے فارم 7A تیار کر لیا ہے۔ اسی مناسبت سے انہوں نے وضاحت کی کہ گھر بیٹھے ووٹ کا حق استعمال کرنے والوں کے لئے پوسٹل بیلٹ پیپر تیار کئے جا رہے ہیں۔ ستیہ وانی نے کہا کہ ہفتہ کی شام تک پرنٹنگ مکمل کر لی جائے گی۔چنچل گوڑہ کے سرکاری پرنٹنگ ہاؤس میں جمعرات کی شام سے پرنٹنگ شروع ہو گئی ہے۔
ریاستی الیکشن آفیسر وکاس راج اور پولیس کے اعلیٰ افسران اس عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔حکام نے الیکشن کمیشن کی جانب سے الاٹ کی گئی 13 کیٹیگریز کے لئے یہ ممکن بنایا ہے کہ وہ بزرگ اور معذور افراد کے ساتھ ساتھ گھر بیٹھے اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں۔ بتایا گیا ہے کہ اہل افراد کو پیشگی معلومات فراہم کر کے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔الیکشن کمیشن کے ڈپٹی سی ای او ستیہ وانی نے وضاحت کی کہ
ووٹروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے مطابق مرکزی الیکشن کمیشن نے 299 اضافی پولنگ اسٹیشنوں کی اجازت دی ہے اور اس طرح ریاست میں پولنگ اسٹیشنوں کی جملہ تعداد 35ہزار6سو55 تک پہنچ گئی ہے۔