نئی دہلی، 21دسمبر (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ لکھیم پور کھیری میں داخلہ کے مرکزی وزیرمملکت اجے مشر’ٹینی‘ کے بیٹے کی جیپ سے کسانوں کو کچلا گیا ہے اس لئے حکومت کو اس بارے میں ملک کے عوام کوجوا ب دینا ہوگا اور مرکزی وزیر کو ہٹانا پڑے گا۔
مسٹر گاندھی نے منگل کو پارلیمنٹ ہاوس سے وجے چوک تک اپوزیشن کے مارچ کے بعد نامہ نگاروں سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں لکھیم پور کھیری کے معاملے کو بار بار اٹھا رہی ہیں۔ حقائق کی بنیاد پر واضح ہے کہ وزیر کے بیٹے نے کسانوں کو مارا ہے اور وزیر کی جیپ کے نیچے انہیں کچلا گیا ہے۔
اس بارے میں تفتیشی ٹیم کی رپورٹ آئی ہے اور رپورٹ سے واضح ہے کہ ایک سازش کے تحت کسانوں کو جیپ سے کچلنے کا کام ہوا ہے۔
انہوں نے میڈیا پر بھی اپنا کام صحیح طریقہ سے نہیں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ میڈیا توجہ ہٹانے کی کوشش کرتی ہے۔ آج نہ میڈیا اپنا کام کررہی ہے اور نہ ہی حکومت اپنا کام کررہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہندستان کے ایک وزیر کے بیٹے نے کسانوں کو جیپ کے نیچے کچلنے کا کام کیا ہے۔ وزیراعظم ایک طرف کسانوں سے معافی مانگتے ہیں اور دوسری طرف ’قاتل‘ وزیر کو اپنی کابینہ میں رکھے ہوئے ہیں۔ ملک کے عوام کے ساتھ جو کیا جارہا ہے اسے قبول نہیں کیا جاسکتا ہے۔