بھرت پور، 25 دسمبر (یو این آئی) راجستھان کے سابق نائب وزیراعلی سچن پائلٹ نے مرکز کے زرعی قوانین کو غیرجمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قوانین کسی بھی طرح سے کسانوں کے مفاد میں نہیں ہیں اس لئے ملک کے ہر شہری کو ان قوانین کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے۔
مہاراجہ سورجمل کے 257ویں یوم قربانی کے موقع پر بھرت پور آئے مسٹر پائلٹ نے مرکزسے کہا کہ مودی حکومت چند سرمایہ داروں کو ملک کی مکمل املاک سونپنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے زرعی قوانین کے نافذ ہونے سے پیدا ہوئے چیلنجوں کا آج پورا ملک سامنا کررہا ہے۔ ان قوانین کے خلاف سخت
سردی میں ہزاروں کسان دھرنے پر بیٹھے ہیں جو زمین سے اناج پیدا کرکے ہمارا پیٹ پالتے ہیں ان کی فکر مودی حکومت کو نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں اور ملک کے ہر شہری کو اس احتجاج میں شامل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مسلسل کسانوں کی حمایت میں کھڑی ہے۔ کل بھی کانگریس کے چوٹی کے لیڈروں نے دو کروڑ کسانوں کے دستخط والا میمورنڈم صدر کوسونپ کر ان قوانین کو واپس لینے کی مانگ کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح سے یہ قوانین میں پارلیمنٹ میں منظور کئے گئے ہیں اس لحاظ سے یہ کسی بھی طرح کسانوں کے مفادمیں نہیں ہیں۔