سری نگر ، 9 مئی (یو ا ین آئی) وادی کشمیر میں تین دنوں تک معطل رہنے والی ریل خدمات بدھ کی صبح بحال کردی گئیں۔ ریل خدمات کے علاوہ وسطی کشمیر کے اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات بحال کی گئی ہیں، تاہم جنوبی کشمیر کے بیشتر حصوں میں یہ خدمات بدستور منقطع رکھی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ وادی میں 8 جنگجوؤں اور 7 احتجاجی نوجوانوں کی حالیہ ہلاکتوں کے خلاف اتوار سے منگل تک مسلسل تین دنوں تک ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کے دوران انتظامیہ نے جہاں سری نگر کے سات پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کر رکھیں، وہیں مختلف خدمات بشمول ریل و موبائیل انٹرنیٹ
کو بند رکھا گیا۔
تاہم کشمیر علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کے اعلان کہ ’عوام الناس 9 مئی (بدھ کے روز) سے روز مرہ زندگی کی سرگرمیاں بحال کریں گے‘ کے ساتھ ہی انتظامیہ نے معطل شدہ خدمات بحال کرنا شروع کردیا۔
ریلوے کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ’ہم نے ریل خدمات کو بدھ کی صبح بحال کردیا‘۔ انہوں نے بتایا کہ سری نگر سے جنوبی کشمیر کے راستے جموں خطہ کے بانہال اور سری نگر سے شمالی کشمیر کے بارہمولہ کو جانے والی تمام ٹرینیں معمول کے مطابق چلنے لگی ہیں۔
جاری۔ یو این آئی۔ ظ ح بٹ۔ شا پ۔ 0822