کابل/22جنوری(ایجنسی) افغان دارالحکومت کابل میں واقع انٹر کانٹی نینٹل ہوٹل میں دہشت گردوں کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 43 ہو گئی جب کہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کا اعلان صحتِ عامہ کی وزارت کے ترجمان واجد مجروح نے کیا۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے میں ہوٹل اسٹاف، مہمانوں سمیت سکیورٹی اہل کار بھی ہلاک ہوئے۔ ہلاک شدگان میں کم از کم 14 غیر ملکی شامل
ہیں۔ ترجمان کے مطابق 41 غیر ملکیوں سمیت 153 افراد کو بچا لیا گیا۔
خیال رہے کہ دہشت گردوں کے حملے کے بعد عمارت کے مختلف حصوں میں آگ لگ گئی تھی، اس دوران مہمانوں نے بھاگ کر جان بچائی۔ کچھ مہمان چادروں کے ساتھ کھڑکیوں سے نیچے اترے اور کچھ کو افغان فورسز نے وہاں سے نکال کر بچایا۔
حملے کی ذمہ داری افغان طالبان کی جانب سے قبول کی گئی ہے۔