نئی دہلی، 17 جون (ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودي نے جمہوریت میں اپوزیشن کے فعال کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے پیر کو کہا کہ اپوزیشن کو ایوان میں اپنے نمبر کی طاقت کی فکر نہیں کرنی چاہئے کیونکہ حکومت کے لئے اس کا ہر لفظ اور احساس قابل قدر ہے۔
انہوں نے 17 ویں لوک سبھا کے پہلے سیشن کے پہلے دن پر پارلیمنٹ کے کیمپس میں میڈیا سے بات چیت میں یہ بات کہی۔ انہوں نے تمام اراکین سے ایوان میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے جذبہ کے بجائے غیرجانبدرانہ جذبہ سے عوامی
فلاح و بہبود کے لۓ کام کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ اگلے پانچ سال کے دوران ایوان کی عظمت کو اوپر اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔ انهوں نے اپوزیشن کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے کہا، ’’جمہوریت میں اپوزیشن کا ہونا، اپوزیشن کا فعال ہونا، اپوزیشن کا مضبوط ہونا یہ جمہوریت کی لازمی شرط ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ اپوزیشن کے لوگ نمبر کی فکر چھوڑ دیں۔ ملک کے عوام نے جو ان کو نمبر کو دیا ہے وہ دیا ہے، لیکن ہمارے لئے ان کا ہر لفظ قابل قدر ہے، ان کا ہر جذبہ قابل قدر ہے‘‘۔