ذرائع:
حیدرآباد:ہندوستان کوکو کولا بیوریجز (ایچ سی سی بی) کمپنی، جو ٹھنڈے مشروبات تیار کرتی ہے، ریاست تلنگانہ کی صنعتی ترقی میں حصہ لینے کے لئے آگے آئی ہے۔ کمپنی کے وفد نے پیر کو چیف منسٹر ریونت ریڈی سے سکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ اب تک کوکو کولا نے ریاست میں 3 ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے۔ اس کمپنی کے ذریعہ شروع کیا گیا گرین فیلڈ بوٹلنگ پلانٹ ضلع سدی پیٹ کے بندہ تیما پور میں زیر تعمیر ہے۔ کمپنی کے وفد نے چیف منسٹر سے بات چیت کی کہ ان کی کمپنی تلنگانہ میں سرمایہ
کاری کے ساتھ سماجی ترقی میں حصہ لے گی اور اسی کے مطابق پراجکٹس کو وسعت دے گی۔
چیف منسٹر نے وفدکو یقین دلایا کہ ریاستی حکومت سرمایہ کاری کے تحفظ کے ساتھ صنعتوں کے قیام کے لئے مناسب تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے لئے جو کمپنیاں قائم کرنے کے لئے آگے آئیں گے ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی پالیسی ہوگی۔ ہندوستان کوکو کولا بیوریجز (ایچ سی سی بی) کے پبلک افیئرز کے سربراہ ہمانشو پریہ درشنی اور کمپنی کے نمائندے ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نےچیف منسٹر سے ملاقات کی۔