ذرائع:
بی آر ایس ارکان اسمبلی کے ایک وفد نے تلنگانہ اسمبلی اسپیکر گڈم پرساد سے ملاقات کی اور کانگریس میں شامل ہونے والے بی آر ایس پارٹی کے 10 ارکان اسمبلی کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کی درخواست کی۔ بی آر ایس کے کارگزار صدر تارک راماراو کی قیادت میں پارٹی کے ارکان اسمبلی نے اسپیکر سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں ایک یادداشت بھی حوالے کی۔ وفد نے کہا کہ ایک پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر دوسری پارٹی میں شامل ہونے والے ارکان کو ت ین ماہ کے اندر نااہل قرار دینے سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے اور اس فیصلے کے تحت پارٹی انحراف کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی۔ اس موقع پر بی آر ایس رکن اسمبلی سبیتا اندرا ریڈی اور
دوسروں نے پروٹوکول کی خلاف ورزی کی بھی اسپیکر سے شکایت کی ۔ بی آر ایس ایم ایل ایز نے اسپیکر پرساد کمار سے کہا ہے کہ ان کے حلقے میں ہونے والے سرکاری پروگرام میں عہدیدار انھیں پروٹوکول نہیں دے رہے ہیں اور حکمران جماعت کے شکست خوردہ قائدین کو سرکاری پروگرام میں مدعو کیا جا رہا ہے ۔
اسی طرح بی آر ایس کے ایم ایل ایز کے ساتھ عہدیدار پروٹوکول کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ انہوں نے اسپیکر سے درخواست کی کہ وہ ان مسائل پر توجہ مرکوز کرے ۔
اسپیکر سے ملاقات کرنے والوں میں ہریش راؤ، سبیتا اندرا ریڈی، سنیتا لکشماریڈی، پدماراؤ گوڈ، وی پرشانت ریڈی، مادھاورم کرشنا راؤ، راج شیکھر ریڈی، کالیرو وینکٹیش، موٹھا گوپال، ایم گوپی ناتھ، ڈاکٹر سنجے ، ویکانند گوڈ اور دیگر شامل تھے ۔