نئی دہلی/14مئی(ایجنسی) دہلی اور قومی دارالحکومت خطہ سمیت پورے ملک کے کئی علاقوں میں کل شام آئے طوفان کی زد میں آنے سے 80افراد کی موت ہوگئی اور 136دیگر زخمی ہوگئے۔
وزارت داخلہ نے آج ایک بیان جاری کرکے کہاکہ اترپردیش،آندھرا پردیش، مغربی بنگال، اتراکھنڈ اور دہلی میں تیرہ اور چودہ مئی کی رات کے درمیان آئے طوفان اور بجلی گرنے سے جان ومال کی بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان ریاستوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اترپردیش میں سب سے زیادہ 51لوگوں کی
موت ہوئی ہے۔ آندھرا پردیش میں بارہ، مغربی بنگال میں چودہ، دہلی میں دو اور اتراکھنڈ میں ایک شخص کی موت ہوگئی۔
وزارت کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق اترپردیش میں سب سے زیادہ 123 ،دہلی میں گیارہ اوراتراکھنڈ میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ ان علاقوں میں کل شام سے رات تک طوفان اور گرج کے ساتھ بارش ہوئی جس سے کچھ دیر کے لئے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔