نئی دہلی، 6 مئی (ایجنسی) سات ریاستوں میں لوک سبھا کی 51 نشستوں کے پانچویں مرحلے میں مغربی بنگال اور جموں و کشمیر میں تشدد کے کچھ واقعات کے سوا، پانچویں مرحلے میں پرامن طریقے سے پولنگ ہورہی ہے۔شام 5 بجے تک 59.13 فیصد ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرچکے ہیں ۔ گزشتہ چار مراحل کی طرح، مغربی بنگال میں پولنگ کی رفتار دیگر ریاستوں سے زیادہ ہے، جبکہ جموں و کشمیر میں بہت سست ہے۔
تمام لوک سبھا کی نشستوں پر ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوئی ۔شام 5 بجے تک مغربی بنگال کی سات نشستوں پر 74.06 فیصد پولنگ ہوئی ۔ جھارکھنڈ میں 63فیصد،
راجستھان میں 59.14 فیصداور مدھیہ پردیش میں 62.45 فیصد، اتر پردیش میں، 52.97 فیصد ووٹرز نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جبکہ بہار میں 52.66 فیصد ووٹنگ ہوئی ۔ جموں و کشمیر میں 17.07 فیصد ووٹرز نے پولنگ میں حصہ لیا۔
مغربی بنگال میں اکا دکا تشدد اور جموں و کشمیر کے پلوامہ میں دو مقامات پر دھماکہ کے علاوہ، پولنگ پرامن رہی ۔مغربی بنگال کے بارک پور لوک سبھا کے حلقے میں ترنمول کانگریس کے کارکنوں کے مبینہ حملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواروں ارجن سنگھ کو چوٹ آئی ہے ۔ انتخابی کمیشن نے اس تشدد سے متعلق انتظامیہ سے ایک رپورٹ طلب کی ہے۔