سرینگر/29جون(ایجنسی) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے آہنگام میں جمعہ کی صبح جنگجوؤں کی طرف سے فوج کی ایک پارٹی پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 2 فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے ایک گروپ نے جمعہ کی صبح آہنگام شوپیان میں فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کی ایک پارٹی پر پہلا گرینیڈ پھینکا اور بعدازاں فائرنگ کی۔
انہوں نے بتایا "جنگجوؤں کے حملے میں دو
فوجی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے"۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ فوجیوں نے جوابی فائرنگ بھی کی، لیکن حملہ آور جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
انہوں نے بتایا "حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے علاقہ میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے"۔ ایک رپورٹ کے مطابق جنگجوؤں کی طرف سے نشانہ بنائے گئے فوجی اہلکار آرمی گڈ ول سکول آہنگام میں تعینات تھے۔ حملہ آوروں کی تعداد 2 سے تین بتائی جارہی ہے۔