نئی دہلی، 08 مارچ (یو این آئی) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 28 خواتین کو 2020 اور 2021 کے ناری شکتی انعامات سے نوازا راشٹرپتی بھون میں منگل کے روز منعقدہ تقریب میں صدر جمہوریہ کی طرف سے ان شخصیات کو یہ اعزازات پیش کیے گئے۔ ان شخصیات میں تریپورہ سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر ایلا لودھ بھی شامل ہیں جنہیں بعد از مرگ یہ ایوارڈ دیا گیا۔ ان کے بیٹے نے ان کی طرف سے یہ اعزاز حاصل کیا۔
سال 2020 کے لیے ناری شکتی کے اعزازات حاصل کرنے والوں میں ایک این جی او
چلانے والی بہار کے بھوجپور کی انیتا گپتا، اترپردیش کے کھیری سے ہینڈ لوم بنکر اور ٹیچر آرتی رانا، تمل ناڈو سے کشیدہ کار جیا متھو اور تیجما، مدھیہ پردیش کے قبائلی فنکارجے بھائی بیگا، جموں و کشمیر سے زمینی سطح پر اختراعی کام کرنے والی ناصرہ اختر، کرناٹک سے نیورتی رائے، لداخ، جموں و کشمیر کی ایک معذور سماجی کارکن سندھیا دھر، مہاراشٹر کی کتھک رقاصہ ایس نند کشور اگوانے، گجرات سے تعلق رکھنے والی نامیاتی کسان اوشابین دنیش بھائی وساوا اور جنگلی حیات کے تحفظ کے شعبے میں کام کرنے والی مہاراشٹر کی ونیتا جگدیو بوراڈے شامل ہیں۔