نئی دہلی، 4 ستمبر (ایجنسی) سپریم کورٹ نے 2008کے کالیگاوں دھماکہ معاملے میں کرنل شری کانت پروہت کو مبینہ طورپر اغواکرنے کی جانچ ایس آئی ٹی سے کرانے سے متعلق ان کی عرضی آج مسترد کردی۔
جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی تین رکنی بنچ نے کرنل پروہت کی عرضی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی سماعت نچلی عدالت میں چل رہی ہے او رایسی صورت میں وہ مداخلت نہیں کرے گا۔عدالت نے تاہم عرضی گذار کو اپنا مطالبہ نچلی عدالت کے سامنے پیش کرنے کی اجازت
دے دی ۔ عدالت نے کہا کہ "اگر ہم اس وقت مداخلت کریں گے تو سماعت متاثر ہوسکتی ہے۔"
کرنل پروہت کی طرف سے پیش سینئر وکیل ہریش سالوے نے دلیل دی کہ عرضی گذار نے جو معاملہ اٹھایا ہے اس پرتوجہ دی جانی چاہئے۔ اس پر جسٹس گوگوئی نے کہا کہ عرضی گذار اپنی بات نچلی عدالت میں پیش کرے۔
اس سے قبل گذشتہ 27اگست کو جسٹس ادے امیش للت کے سماعت سے الگ ہونے کی وجہ سے نئی بنچ کی تشکیل تک سماعت ملتوی کرنی پڑی تھی۔