ذرائع:
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے گزشتہ سال 2000 روپئے کے بینک نوٹوں کو چلن سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ اب آر بی آئی نے اس حوالے سے بڑا اپڈیٹ جاری کیا ہے۔
آر بی آئی کے مطابق، 9 مہینے کے بعد بھی، ہزاروں کروڑ روپئے کے یہ بڑے نوٹ ابھی تک بازار میں موجود ہیں، جو ابھی تک واپس نہیں آئے ہیں۔
19 مئی کو ریزرو بینک آف انڈیا نے اعلان کیا تھا کہ 2000 روپئے کے ان نوٹوں کو چلن سے باہر کر دیا جائے گا۔ اس وقت 2000 روپئے کے بینک نوٹوں کی کل قیمت 3.56 لاکھ کروڑ روپئے تھی۔
اب ریزرو بینک کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، 29 فروری 2024 تک 97.62 فیصد نوٹ مارکیٹ میں واپس آچکے ہیں۔ آر بی آئی کے مطابق مارکیٹ میں موجود ان
نوٹوں کی جملہ قیمت 8,470 کروڑ روپئے ہے۔
اس کے ساتھ ہی، 2.38 فیصد نوٹ ایسے ہیں جو اب بھی عوام کے پاس ہیں، جو ابھی تک آر بی آئی کے بینکنگ دفاتر یا پوسٹ آفس کے ذریعے واپس جمع نہیں ہوئے ہیں۔
ریزرو بینک نے یہ بھی کہا ہے کہ 2000 روپئے کے بینک نوٹ قانونی ٹینڈر رہیں گے۔واضح رہے کہ نومبر 2016 میں 1000 اور 500 روپئے کے نوٹ بند کر دیئے گئے اور 2000 روپئے کے نوٹ متعارف کرائے گئے۔
واضح رہےکہ 2000 روپئے کے نوٹ چلن سے باہر ہونے کے بعد، آر بی آئی نے 23 مئی 2023 سے لوگوں کو یہ نوٹ واپس کرنے کی سہولت دی تھی۔ آر بی آئی نے اپنی آخری تاریخ 30 ستمبر 2023 مقرر کی تھی۔ تاہم اس تاریخ تک بھی بڑی تعداد میں گلابی نوٹ مارکیٹ میں موجود تھے جس کے بعد اس تاریخ میں توسیع کی گئی تھی۔