ذرائع:
حیدرآباد:ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے خبردار کیا ہے کہ سابق وزیر اور رکن اسمبلی جگدیش ریڈی ضرور جیل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم کے ساتھ ساتھ پچھلی بی آر ایس حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے پروجیکٹوں میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات جاری رہے گی۔ منگل کو گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی انتخابات میں کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ضمانتوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے واضح کیا کہ وعدوں کو 100 دنوں کے اندر عمل میں لایا جائے
گا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے وعدے کے مطابق اگلے ماہ سے ہر گھر کے لئے 200 یونٹ مفت برقی اسکیم کو روبہ عمل لایاجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کے نظم و نسق کی وجہ سے ریاست کمزور ہوگئی ہے اسی لئے وعدوں میں کچھ تاخیر ہورہی ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ سابقہ بی آر ایس حکومت نے بے روزگاروں کوبھتہ سے لے کر ڈبل بیڈروم مکانات تک کی تمام ضمانتوں کو نظر انداز کیا تھا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وہ بی آر ایس لیڈروں کی طرح لوگوں کو اکساتے تو وہ فارم ہاؤس کو پار نہیں کرسکتےتھے۔کومٹ ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کو پارلیمانی انتخابات میں ایک بھی سیٹ پر کامیابی نہیں ملے گی۔